حضرت محمد ﷺ کے حقوق: قرآن و سنت کی روشنی میں ایمان، اطاعت اور محبت

حضرت محمد ﷺ کے حقوق: قرآن و سنت کی روشنی میں ایمان، اطاعت اور محبت

اسلام کی اصل روح ایمان کے اس اقرار میں پوشیدہ ہے کہ محمد ﷺ اللہ کے آخری  نبی و رسول ہیں۔ یہ محض ایک تاریخی حقیقت نہیں بلکہ ایک زندہ عہد ہے۔ ایمان بالرسالت کا مطلب صرف زبان سے کہنا نہیں بلکہ دل کی گہرائیوں سے تسلیم کرنا، عمل کے ذریعے اطاعت بجا لانا اور اپنی زندگی کو آپ ﷺ کے نقش قدم پر ڈھالنا ہے۔ 

جب ہم رسول اللہ ﷺ کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو دراصل ناموسِ رسالت کی حفاظت کی بات کرتے ہیں۔ ناموسِ رسالت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپ ﷺ پر ایمان لائیں، آپﷺ کی اطاعت کریں، آپﷺ کی سنت کو اپنی زندگی میں زندہ کریں، آپﷺ سے بے پناہ محبت کریں اور آپﷺ کی تعظیم و توقیر میں اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار رہیں۔ 

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمانوں نے نبی ﷺ کے حقوق کی پاسداری کی، اللہ نے انہیں عزت، غلبہ اور کامیابی عطا کی۔ اور جب بھی ان حقوق میں کوتاہی ہوئی، ذلت و محرومی مقدر بنی۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم نہ صرف اپنے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو تازہ رکھیں، بلکہ اپنی زندگی اور معاشرے میں ناموسِ رسالت کی حفاظت کو اولین فریضہ سمجھیں۔ 

پہلا حق: ایمان بالرسالت 

رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانا محض یہ مان لینا نہیں کہ آپ ﷺ ایک عظیم ہستی یا تاریخ کا حصہ تھے، بلکہ ایمان بالرسالت کا مطلب یہ ہے کہ آپ ﷺ کو اللہ کا سچا نبی مانا جائے اور اس وحی و رسالت کو دل و جان سے تسلیم کیا جائے جو آپ ﷺ پر نازل ہوئی۔ 

قرآن کریم میں ہے

فَآمِنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَالنُّورِ الَّذِي أَنْزَلْنَا وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ  

پس ایمان لاؤ اللہ پر، اس کے رسول پر اور اس نور پر جو ہم نے نازل فرمایا۔

  (التغابن8) 

اسی طرح حدیث میں آتا ہے: رحمتِ کونینﷺنے فرمایا: 

أُمِرْتُ أَنْ أُقَاتِلَ النَّاسَ حَتَّى يَشْهَدُوا أَنْ لاَ إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ 

مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے اس وقت تک جہاد کروں جب تک وہ گواہی نہ دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور مجھ پر اور میری لائی ہوئی تعلیم پر ایمان نہ لائیں۔ 

( صحیح البخاری 25، صحیح مسلم22) 

یعنی ایمان بالرسالت کا تقاضا یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کو اللہ کا منتخب کردہ پیغمبر مانا جائے، آپﷺ کی لائی ہوئی ہدایت کو قبول کیا جائے اور زندگی کے ہر گوشے میں آپ کو رہنما بنایا جائے۔ یہ ایمان صرف زبانی اقرار نہیں بلکہ عملی تسلیم و اطاعت کا تقاضا کرتا ہے۔ 

دوسرا حق: اطاعت رسول ﷺ 

ایمان بالرسالت کے ساتھ ساتھ ایمان کا اگلا لازمی مرحلہ اطاعت ہے۔ 

آپ ﷺ کی اطاعت بھی ضروری ہے، ورنہ ایمان محض ایک ناتمام دعویٰ رہ جائے گا۔ 

: اللہ جل وعلا کا فرمان ہے

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَلَا تَوَلَّوْا عَنْهُ وَأَنْتُمْ تَسْمَعُونَ 

اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور اس سے منہ نہ پھیرو جب تم اس کا کلام سنتے ہو۔

( انفال20) 

: ایک اورمقام پر ارشاد فرمایا

مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ 

جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے دراصل اللہ کی اطاعت کی۔

(النساء: 80) 

: رحمتِ کونینﷺنے فرمایا

كُلُّ أُمَّتِي يَدْخُلُونَ الجَنَّةَ إِلَّا مَنْ أَبَى»، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، وَمَنْ يَأْبَى؟ قَالَ: «مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الجَنَّةَ وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ أَبَى 

میری امت کا ہر شخص جنت میں داخل ہوگا سوائے اس کے جس نے انکار کیا۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! انکار کون کرے گا؟ 

آپ ﷺ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں جائے گا اور جس نے نافرمانی کی اس نے انکار کیا۔ 

(صحیح بخاری 7280) 

یہ واضح کرتا ہے کہ اطاعت صرف چند عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع طرزِ زندگی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی اطاعت کا مطلب ہے کہ عقیدہ، عبادت، اخلاق اور معاملات سب کچھ آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہوں۔ 

تیسرا حق: اتباع و اسوۂ حسنہ 

اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو نہ صرف نبی و رسول بنایا بلکہ آپ ﷺ کو انسانیت کے لیے کامل نمونہ بھی بنایا۔ آپ ﷺ کا ہر قول، ہر عمل اور ہر طرزِ زندگی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ 

: قرآنِ کریم میں ہے

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ 
بیشک تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔

(الاحزاب 21) 

: اسی طرح فرمایا

قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللهَ فَاتَّبِعُونِي  

اے حبیب آپ فرمادیجیے! اگر تم اللہ سے محبت کرنا چاہتے ہو تو میری پیروی کرو۔ 

(آل عمران: 31 

: حدیث پاک میں ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایا

فَمَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِي فَلَيْسَ مِنِّي 

جو شخص میری سنت سے منہ موڑے وہ مجھ سے نہیں۔ 

(صحیح بخاری 5063 ، صحیح مسلم 1401) 

: اتباعِ رسول کے مختلف درجے

بعض اعمال میں اتباع واجب ہے۔ :نماز، روزہ، حلال و حرام کے مسائل بعض اعمال میں اتباع مستحب ہے۔ :کھانے پینے کا طریقہ، لباس وغیرہ اور کچھ چیزیں صرف آپ ﷺ کی ذاتی عادات تھیں جنہیں اپنانا ضروری نہیں لیکن محبت و ادب کے ساتھ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ 

حقیقی مومن وہ ہے جو اپنی زندگی, نبی ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق بسر کرے۔ چاہے وہ عبادات ہوں یا اخلاق، گھریلو معاملات ہوں یا سماجی تعلقات۔ 

چوتھا حق: محبت رسول ﷺ 

ایمان کے بغیر محبت کا تصور نامکمل ہے۔ نبی ﷺ سے محبت ایمان کی روح ہے۔ اگر کسی کے دل میں رسول اللہ ﷺ کی محبت نہیں تو اس کا ایمان کامل نہیں۔ 

: قرآن کریم میں ہے

قُلْ إِنْ كَانَ آبَاؤُكُمْ وَأَبْنَاؤُكُمْ وَإِخْوَانُكُمْ وَأَزْوَاجُكُمْ وَعَشِيرَتُكُمْ وَأَمْوَالٌ اقْتَرَفْتُمُوهَا وَتِجَارَةٌ تَخْشَوْنَ كَسَادَهَا وَمَسَاكِنُ تَرْضَوْنَهَا أَحَبَّ إِلَيْكُمْ مِنَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ وَجِهَادٍ فِي سَبِيلِهِ فَتَرَبَّصُوا حَتَّى يَأْتِيَ اللَّهُ بِأَمْرِهِ وَاللَّهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْفَاسِقِينَ 

اگر تمہارے والدین، تمہاری اولاد، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، تمہارا قبیلہ، وہ مال جو تم نے کمایا، وہ تجارت جس کے نقصان کا تمہیں ڈر ہے اور وہ گھر جنہیں تم پسند کرتے ہو، اللہ اور اس کے رسول اور اس کی راہ میں جہاد سے زیادہ محبوب ہوں، تو انتظار کرو یہاں تک کہ اللہ اپنا فیصلہ لے آئے۔

(التوبہ: 24) 

: حدیث پاک میں ہے، رحمتِ کونینﷺنے فرمایا

لاَ يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ، حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِ 

تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اسے اس کے والد، اولاد اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔ 

(صحیح بخاری15، صحیح مسلم44) 

محبتِ رسول کا تقاضا صرف جذباتی لگاؤ نہیں بلکہ یہ عملی وفاداری ہے۔ اس محبت کا لازمی حصہ اہلِ بیت کی محبت بھی ہے۔ 

: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا

أُذَكِّرُكُمُ اللهَ فِي أَهْلِ بَيْتِي، أُذَكِّرُكُمُ اللهَ فِي أَهْلِ بَيْتِي، أُذَكِّرُكُمُ اللهَ فِي أَهْلِ بَيْتِي 

میں تمہیں اپنے اہلِ بیت کے بارے میں اللہ سے ڈرنے کی وصیت کرتا ہوں۔ 

(صحیح مسلم 2408) 

یہ محبت دراصل ایمان کا معیار ہے۔ جو شخص حضور ﷺ اور آپ کے اہلِ بیت سے سچی محبت کرتا ہے، وہی ایمان میں کامل ہے۔ 

پانچواں حق: تعظیم و توقیر 

محبت کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺ کی تعظیم اور توقیر بھی ضروری ہے۔ یہ ایمان کا تقاضا ہے کہ نبی ﷺ کے نام، آپ کی تعلیمات اور آپ کی سنت کا احترام کیا جائے۔ 

: اللہ جل وعلا کا فرمان ہے

فَالَّذِينَ آمَنُوا بِهِ وَعَزَّرُوهُ وَنَصَرُوهُ وَاتَّبَعُوا النُّورَ الَّذِي أُنْزِلَ مَعَهُ أُولَئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ 

وہ جو رسول پر ایمان لائے، اس کی تعظیم کی، اس کی مدد کی اور اس نور کی پیروی کی جو اس کے ساتھ نازل ہوا، وہی کامیاب ہوں گے۔ 

(الاعراف157) 

: ایک اور جگہ فرمایا 

لِتُؤْمِنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَتُعَزِّرُوهُ وَتُوَقِّرُوهُ  

تاکہ تم ان (رسول اللہ ﷺ) کی تعظیم اور توقیر کرو۔

(الفتح: 9) 

: امام بیہقی نے فرمایا

محبت اور تعظیم میں فرق ہے؛ ہر محبت تعظیم نہیں ہوتی لیکن ہر تعظیم میں محبت شامل ہوتی ہے۔ ایک باپ اپنے بچے سے محبت کرتا ہے لیکن اس کی تعظیم نہیں کرتا، مگر رسول اللہ ﷺ سے محبت کے ساتھ تعظیم لازمی ہے۔ 

تعظیم کا تقاضا ہے کہ نبی کریمﷺ کا ذکر ادب سے کیا جائے، آپ کی سنت کا مذاق نہ اڑایا جائے، اور آپ ﷺ کی ناموس کے دفاع کو ایمان کا حصہ سمجھا جائے۔ 

چھٹا حق: ختمِ نبوت پر ایمان 

رسول اللہ ﷺ کے حقوق میں سب سے بنیادی اور غیر متزلزل حق ختمِ نبوت پر ایمان ہے۔ یہ عقیدہ اسلام کی اساس اور ایمان کا ستون ہے۔ قرآن واضح طور پر اعلان کرتا ہے

مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ 

محمد (ﷺ) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں لیکن وہ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں۔

 (الاحزاب: 40) 

ختمِ نبوت کا مطلب یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کے بعد کوئی نبی یا رسول نہیں آئے گا۔ وحی کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا۔ اب قیامت تک ہدایت کا ذریعہ صرف قرآن اور سنت ہے۔ 

: حدیث میں نبی ﷺ نے فرمایا

وَإِنَّهُ سَيَكُونُ فِي أُمَّتِي كَذَّابُونَ ثَلَاثُونَ، كُلُّهُمْ يَزْعُمُ أَنَّهُ نَبِيٌّ، وَأَنَا خَاتَمُ النَّبِيِّينَ لَا نَبِيَّ بَعْدِي 

میری امت میں تیس جھوٹے پیدا ہوں گے، سب کہیں گے کہ وہ نبی ہیں۔ حالانکہ میں آخری نبی ہوں اور میرے بعد کوئی نبی نہیں۔

(سنن ابوداؤد4252) 

یہ عقیدہ محض ایک مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت کی شناخت ہے۔ اگر ختمِ نبوت کے عقیدے میں ذرا سا بھی شک کیا جائے تو ایمان باقی نہیں رہتا۔ یہی وجہ ہے کہ امت مسلمہ نے ہر دور میں اس عقیدے کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھا ہے۔ 

ختمِ نبوت دراصل ایک اعلان ہے کہ اب دین مکمل ہو گیا اور قرآن آخری آسمانی کتاب ہے۔ اب امت کی رہنمائی کا کام علماء، اولیاء اور مجددین کے سپرد ہے، جو کتاب و سنت کے ذریعے امت کو راہِ ہدایت دکھاتے رہیں گے۔ 

ساتواں حق: درود و سلام بھیجنا 

رسول اللہ ﷺ پر درود و سلام بھیجنا صرف ایک سنت نہیں بلکہ قرآن کا حکم ہے۔ 

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا 

بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود و سلام بھیجو۔

(الاحزاب: 56) 

: رحمتِ کونینﷺ نے فرمایا

مَنْ صَلَّى عَلَيَّ وَاحِدَةً صَلَّى الله عَلَيْهِ عَشْرًا 

 جو شخص مجھ پر ایک بار درود بھیجتا ہے، اللہ اس پر دس رحمتیں نازل کرتا ہے۔ 

(صحیح مسلم408، جامع ترمذی 485، سنن ابی داؤد 1530) 

: ایک اور حدیث میں ہے، رسول اللہﷺنے فرمایا

أَوْلَى النَّاسِ بِي يَوْمَ القِيَامَةِ أَكْثَرُهُمْ عَلَيَّ صَلَاةً 

قیامت کے دن میرے قریب ترین وہ ہوں گے جو مجھ پر زیادہ درود بھیجتے ہیں۔ 

(جامع ترمذی 484) 

درود و سلام کا مطلب یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ نبی ﷺ کی شان بلند کرے، آپﷺ کو مزید رحمت و برکت عطا کرے اور آپﷺ کے درجات بلند کرے۔ علماء نے بیان کیا ہے کہ اللہ کا درود رحمت ہے، فرشتوں کا درود دعا ہے اور مؤمنین کا درود اطاعت اور وفاداری کا اظہار ہے۔ 

نبی ﷺ پر درود و سلام بھیجنا مومن کی محبت اور عقیدت کا اظہار ہے۔ یہ ذکرِ رسول کو زندہ رکھتا ہے اور بندے کو اللہ کی رحمتوں کا مستحق بناتا ہے۔ 

رسول اللہ ﷺ کے سات حقوق دراصل ایمان کے سات ستون ہیں: ایمان بالرسالت، اطاعت، اتباع، محبت، تعظیم، ختمِ نبوت پر ایمان اور درود و سلام۔ یہ سب مل کر اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ مومن کی زندگی کا مقصد صرف اللہ کی رضا نہیں بلکہ رسول اللہ ﷺ کی ناموس کی حفاظت اور ان کے پیغام کو زندہ رکھنا بھی ہے۔ 

آج کے دور میں جب ایمان کو کمزور کرنے، سنت کو مٹانے اور ختمِ نبوت پر حملے کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اپنے ایمان کو مضبوط کرے اور ناموسِ رسالت کی پاسبانی کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے۔ رسول اللہ ﷺ کی عزت و حرمت کا تحفظ محض ایک دینی فریضہ نہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان کی بقا اور ہماری نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ 

امام شافعیؒ کے الفاظ آج بھی دلوں کو جھنجھوڑتے ہیں جو بھی نعمت ہمیں ملی، خواہ دینی ہو یا دنیاوی، وہ سب نبی ﷺ کے صدقے میں ملی۔ 

لہٰذا آئیں ہم یہ عہد کریں کہ اپنی جان، مال اور اولاد سب کچھ نبی ﷺ کی ناموس کے دفاع کے لیے حاضر رکھیں گے..۔ یہی ایمان کا کمال ہے، یہی ہماری عزت کی ضمانت ہے اور یہی وہ روشنی ہے جو قیامت تک امت مسلمہ کو راہِ ہدایت دکھاتی رہے گی۔ 
تعالیٰ ہمیں رسول اللہ ﷺ کاللّٰہ ی ناموس کی حفاظت کرنے والا، ان کے حقوق ادا کرنے والا اور ان کی محبت میں زندگی گزارنے والا بنائے۔ آمین. 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *